’میں جیل نہیں جانا چاہتا کیونکہ میری شادی ہے‘: نامپلی کریمنل کورٹ میں ملزم کی دلچسپ فرمائش

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے نامپلی کریمنل کورٹ میں آج ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں گانجہ کیس کے ایک ملزم نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ جاریہ ماہ کی 25 تاریخ کو اس کی شادی ہے اسی لئے وہ جیل نہیں جانا چاہتا۔ اس نے عدالت میں غصہ کا اظہار کیا جس کی وجہ سے دروازہ کا شیشہ ٹوٹ گیا اور اس کے ہاتھ زخمی ہوگیا۔
یہ واقعہ آج نامپلی کورٹ میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزم آنند اگروال ایک ہسٹری شیٹر ہے، اس کے خلاف پہلے ہی 18 مقدمات درج ہیں۔ حال ہی میں شاہ علی بنڈہ پولیس نے اگروال کو گانجہ کیس میں گرفتار کیا اور عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے اس کیس کی سماعت کے دوران اسے ریمانڈ میں دے دیا۔ جبکہ وہ اس بات پر اصرار کرتا رہا کہ وہ جیل نہیں جانا چاہتا کیونکہ 25 جون کو اس کی شادی طئے ہے۔
واضح رہےکہ اگروال کے خلاف ماضی میں بھی گانجہ کے کئی مقدمات درج ہیں۔ وہ قتل اور چوری کے ایک مقدمے میں بھی ملزم ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وہ ایک ماہ قبل ہی قتل کے ایک مقدمے میں جیل گیا تھا اور کچھ روز بعد رہا ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں