دہلی کے تلنگانہ بھون میں خودکشی کی کوشش، سیجل نے بی آر ایس رکن اسمبلی پر جنسی ہراسانی کا لگایا الزام

حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کے تلنگانہ بھون میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب اوریجن ڈیری کمپنی کی ڈائریکٹر سیجل نے زہر کھاکر خودکشی کی کوشش کی۔ اس نے الزام لگایا کہ بیلم پلی کے بی آر ایس رکن اسمبلی درگام چننیا اور ان کے حامی اسے ذہنی اور جنسی طور پر ہراساں کررہے ہیں۔
سیجل کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد اب اس کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جارہی ہے۔ خودکشی کی کوشش سے قبل سیجل نے ایک خط تحریر کیا تھا۔ خودکشی نوٹ میں سیجل نے رکن اسمبلی درگام چننیا کی جانب سے ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔
خودکشی نوٹ میں سیجل نے دعویٰ کیا کہ چننیا کے حامی بشمول بھیما گوڑ، سنتوش، پوچنا اور کارتک نے اسے ذہنی اذیت دی۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ رکن اسمبلی کے حامیوں سے اس کی جان کو خطرہ ہے۔
خط میں سیجل نے اپنی موت کے بعد بھی انصاف کی خواہش کا اظہار کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیجل گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی میں درگام چننیا کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔
سیجل نے قبل ازیں رکن اسمبلی کے خلاف قومی انسانی حقوق کمیشن اور قومی خواتین کمیشن میں شکایت درج کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں