حیدرآباد (دکن فائلز) ممبئی کے مضافاتی علاقے باندرہ میں واقع عوامی مقام پر مباشرت سے انکار پر ایک نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی گرل فرینڈ کا گلا گھونٹنے اور اس کا سر پتھر سے کچلنے کی کوشش کی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مبینہ حملے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون کی حالت اب مستحکم ہے۔ لڑکی کے بوائے فرینڈ پر قتل کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ جوڑا ممبئی کے مشہور ساحلی علاقے باندرا بینڈ سٹینڈ گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم آکاش مکھرجی ممبئی کے مضافات میں کلیان کا رہنے والا ہے۔ وہ اور اس کی 28 سالہ گرل فرینڈ ایک کمپنی میں اکٹھے کام کرتے ہیں اور گزشتہ کچھ برسوں سے رشتے میں تھے۔ وقوعہ کے روز دونوں نے کلیان سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس کے لیے ایک لوکل ٹرین لی اور شام کو باندرہ بینڈ سٹینڈ جانے سے پہلے گیٹ وے آف انڈیا اور گرگاؤں چوپاٹی جیسے سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔
اس دوران مکھرجی نے اپنی گرل فرینڈ سے اس کے ساتھ سرعام مباشرت کرنے کی خواہش ظاہرکی تاہم خاتون نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔ انکار پر مشتعل ہو کر مکھرجی نے مبینہ طور پر خاتون کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی اور اس کا سر پتھر سے مارا۔ نوجوان نے خاتون کو نالے میں ڈبونے کی بھی کوشش کی جس کے بعد وہ مدد کے لیے چیخنے لگی۔ موقع پر موجود لوگوں نے پولیس کو بلایا جس نے مکھرجی کو اپنی تحویل میں لے لیا اور خاتون کو ہسپتال منتقل کیا۔


