اڈیشہ ٹرین حادثہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ: جماعت اسلامی ہند

اڈیشہ ٹرین حادثہ پر جماعت اسلامی کی جانب سے شدید رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ ”اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہناگا اسٹیشن کے قریب ہوئے ٹرین حادثے کے بارے میں سن کر دل کو شدید صدمہ پہنچا۔ ہم اس حادثے میں مرنے والوں کے خاندانوں کو جنہوں نے اس ہولناک حادثے میں اپنے عزیزو اقارب کھوئے ہیں کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کے لئے بھی دعا گو ہیں کہ وہ جلد از جلد صحب یاب ہوں۔
حادثہ کے فوری بعد مقامی لوگوں کی جانب سے متاثرین کو فوری طور پر پہنچائی گئی مدد کےلئے محمد سلیم نے ان کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ”یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ اتنا بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا جس میں 230 سے زائد افراد جان بحق ہو گئے اور 900 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ سگنلنگ میں ناکامی کی وجہ سے پیش آیا جس میں چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس، ہاوڑہ جانے والی بنگلورو – ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس اور ایک مال گاڑی اس حادثے کا شکار ہوئیں۔
محمد سلیم نے مزید کہا کہ ”جماعت اسلامی ہند اس حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے اور انکوائری کے نتائج کو عام کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔جو لوگ اس حادثے کے قصوروار ہیں،انہیں سزا دی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے۔ ساتھ ہی حکومت ٹھوس اقدامات کرکے اس بات کو یقینی بنائے کہ اس طرح کاحادثہ مستقبل میں پھر کبھی نہ دہرائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں