حیدرآباد (دکن فائلز) مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے مطابق جمعیت علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے تمامی اراکین و ذمہ داروں نے اڑیسہ ٹرین حادثہ پر شدید دکھ و تکلیف کا اظہار کیا۔ ان حالات میں اس تشویش کا بھی اظہار کیا کہ مستقل مرنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، یہ اپنی نوعیت کاایک منفرد تکلیف دہ واقعہ ہے جس میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ عام طور پر ٹرین سے سفر کرنے والے افراد متوسط اور غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ پتہ چلا کہ اس سے سفر کرنے والوں میں بڑی تعداد روزمرہ مزدوری کرکے زندگی گذارنے والوں کی ہے۔
جمعیت علماء اڑیسہ کے ذمہ داران ٹرین حادثہ کے فورا بعد ہی سے مقام حادثہ پر پہنچ کر خدمات میں مصروف ہیں، وہ جہاں متاثرین کے لیے امداد و راحت رسانی کا کام انجام دے رہے ہیں ساتھ ہی ساتھ متاثرین کے متعلقہ افراد جو مختلف مقامات سے وہاں پہنچ رہے ہیں ان کے لیے کھانے کا نظم بھی کیا جارہا ہے۔ جمعیت علماء کے افراد متاثرین کے زخمی افراد کے معالجہ میں معاونت کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی متاثرین کو اپنے مقامات پر پہنچا نے کیلئے ان کی مدد کی جارہی ہے۔ جبکہ جو مسلم حضرات ہیں ان کی تجہیز و تکفین کا بھی اہتمام اور اس کی ضروریات کی تکمیل کی جا رہی ہے۔
اس خصوص میں جمعیت علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے صدر محترم حضرت مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی صاحب نے دردمند دل کے حامل افراد اور ملت کے کاز میں ہمیشہ معاونت کرنے والے اہل خیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مرحلے پر آگے آئیں اور اس خصوص میں ان ٹرین حادثہ کے متاثرین کی امداد فرمائیں۔ جو بھی امداد موصول ہوگی وہ پوری کی پوری رقم جمعیت علماء اڑیسہ کے ذمہ داروں کو پہچائی جائے گی۔ اس خصوص میں جمعیت علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے دفتر واقع افضل گنج حیدرآباد پر رقم پہنچائی جا سکتی ہے یا فون نمبر8125189466 پر گوگل پے یا فون پے یا پے ٹی ایم کر سکتے ہیں۔


