حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے 13 اضلاع میں شدید گرمی کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے جاری کیا ہیٹ ویو کا الرٹ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کےلئے ہیٹ ویو الرٹ
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ حیدرآباد میں اگلے چار دنوں تک درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک بڑھنے کا امکان ہے۔ نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ کے کئی اضلاع کےلئے بھی بھی محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق حیدرآباد میں 9 جون تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41-44 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حیدرآباد ریجنل میٹرولوجیکل سنٹر نے اپنے بلیٹن میں کہاکہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں اگلے تین دنوں تک شدید گرمی رہنے کا امکان ہے۔ عوام کو گھر سے باہر نکلتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بلیٹن میں تلنگانہ کے علاوہ جھارکھنڈ، بنگال اور سکم کے کچھ حصوں کو وارننگ جاری کی۔ ورنگل، سوریاپیٹ، محبوب آباد، کھمم اور نلگنڈہ اضلاع میں شدید گرمی رہنے کا امکان ہے۔ 7 جون کو سوریا پیٹ، محبوب آباد، کھمم، نلگنڈہ، عادل آباد، آصف آباد، نرمل، منچیریالہ، 8 اور 9 جون کو آصف آباد، نرمل، منچیریالہ، عادل آباد، پیڈا پلی، بھوپال پلی، کریم نگر، ہنوماکنڈہ، ورنگل، محبوب آباد، سوریا پیٹ، کھمم، نلگنڈہ میں گرم ہوائیں چلیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں