حیدرآباد (دکن فائلز) مہاراشٹرا میں شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) کے سینئر رہنما سنجے راؤت نے کولہاپور میں ہوئے پرتشدد واقعات کے بعد بی جے پی اور شنڈے حکومت پر شدید تنقید کی۔ سنجے راؤت نے کہا کہ کولہاپور میں جس طرح سے فسادات کو بھڑکایا گیا، اس کے پیچھے کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ جس اورنگ زیب کو ہم نے 400 سال پہلے مہاراشٹر میں دفن کیا تھا اسے سیاسی فائدے کے لیے زندہ کیا جا رہا ہے کیونکہ کرناٹک میں بجرنگ بلی کا جادو نہیں چل سکا، اس لیے اب اورنگ زیب پر سیاست کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ کولہاپور میں ہندو تنظیموں نے کچھ افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹیپو سلطان اور اورنگ زیب کا اسٹیٹس لگانے پر اعتراض کیا تھا اور اس چھوٹے سے معالہ پر ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔ سخت گیر ہندو تنظیموں نے علاقہ میں بند کا اعلان کیا اور پرتشدد احتجاج کیا تھا جس کے بعد حالات کچھ حد تک بگڑ گئے تھے تاہم پولیس نے سخت کاروائی کرتے ہوئے حالات پر کنٹرول میں کرلیا۔


