حیدرآباد کی برقعہ پوش خاتون آٹو ڈرائیور: شریعت کی پابند آسیہ بیگم مسلم خواتین کےلئے رول ماڈل (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز ڈاٹ کام) اسلام نے عورت کو اعلى مقام ديا ہے، سماج میں عورت كسى نہ كسى صورت ميں ايك اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وہیں ایک ترقى يافتہ معاشرہ اور نسل کو ایمانی جذبہ سے سرشار کرنے میں عورت کا اہم رول ہوتا ہے۔ عورت خواہ ماں، بہن، بیوی یا بیٹی ہو اسلام نے انہیں ہر روپ میں فضیلت بخشی ہے۔
غرض موجودہ حالات میں خواتین کسی بھی قسم کا حلال پیشہ و ملازمت اختیار کر سکتی ہیں اور محنت و مشقت کے ذریعہ اپنے خاندان کی ترقی و کفالت بھی کرسکتی ہیں۔ محنت و ایمان داری کے ساتھ حلال و حرام سے متعلق حدود میں رہتے ہوئے معاشی جدوجہد کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے اور نہ اسلام اس سے روکتا ہے۔
https://twitter.com/jsuryareddy/status/1667423501970718722/video/3
تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کی آسیہ بیگم ملت کی خواتین کےلئے رول ماڈل بن گئیں۔ برقعہ پہن کر آٹو چلانے والی خاتون آٹو ڈرائیور نے یہ ثابت کردیا کہ خواتین بھی اپنے خاندان کی کفالت جائز انداز میں کرسکتی ہیں اور وہ کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ برقعہ پوش آسیہ بیگم کو شہر کی مصروف سڑکوں پر الیکٹرانک آٹو چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس منظر کو دیکھر کر بعض لوگوں نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

آٹو چلانے کو صرف مردوں کا پیشہ سمجھا جاتا تھا تاہم اب آسیہ بیگم نے آٹو چلاکر سب کو حیران کردیا ہے۔ آسیہ بیگم حیدرآباد میں رہتی ہیں اور پوری طرح سے پردہ کرتے ہوئے آٹو چلاکر اپنے خاندان کی کفالت کررہی ہیں۔
ایک شخص نے آسیہ بیگم کے حیدرآباد کی سڑکوں پر ٹریفک کے بیچ آٹو چلانے پر حیران ہوکر کچھ ویڈیوز بنائے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کئے۔ جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور سبھی نے آسیہ بیگم کی ہمت اور محنت و مشقت کی تعریف کی ہے۔ زرق حلال کےلئے شریعت کی پابندی کرتے ہوئے برقعہ پہن کر آٹو چلانے پر آسیہ بیگم کی خوب سراہنا کی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے آسیہ بیگم کو باہمت اور غیور خاتون قرار دیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں آسیہ بیگم کو مکمل پردہ میں بھاری ٹریفک کے دوران آٹو چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں