بڑی خبر: بی جے پی کے قول و فعل میں تضاد، 17 مسلم رہنماؤں پر مشتمل وفد نے راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے شکایت کی

حیدرآباد (دکن فائلز ڈاٹ کام) دارالحکومت دہلی کی اکبر روڈ پر واقع وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پہنچ کر مسلمانوں کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف مکتبہ فکر کے کل 17 مسلم رہنما شامل تھے۔
وزیر دفاع سے ملاقات کے مطابق مسلم رہنماؤں پر مشتمل وفد نے بتایا کہ ملک کے موجودہ حالات پر راجناتھ سنگھ سے کھل کر گفتگو کی گئی۔ وفد نے راجناتھ سنگھ سے شکایت کی کہ ’بی جے پی میں کوئی مسلمانوں کی نہیں سنتا، نہ ہی وزارت میں کوئی مسلم وزیر ہے اور نہ ہی مسلمانوں کو پارٹی سے جوڑنے کی کوئی کوشش کی گئی۔ گذشتہ 9 برسوں میں دل خوش کرنے کےلئے صرف اور صرف بیان بازی ہی کی گئی۔ مسلمانوں کےلئے بڑے بڑے اعلانات اور وعدہ کئے گئے لیکن بی جے پی کے قول و فعل میں تضاد نظر آتا ہے۔
راجناتھ سنگھ سے مسلمانوں کے خلاف پھیلی نفرت کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ مسلم رہنماؤں پر مشتمل وفد نے بتایا کہ راجناتھ سنگھ نے تمام مسائل کو غور سے سنا اور اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔
وفد میں جسٹس آئی ایم قدوسی سابق جج، مولانا اصغر امام مہدی سلفی (اہلحدیث)، حاجی سلمان چشتی گدی نشین درگاہ اجمیر، ایم کیو حسن بیگ عرفی چیرمین جامعہ کوآپریٹیو بینک، سراج قریشی صدر انڈیا اسلامک کلچر سینٹر، قمر آغا سنئر جرنلسٹ، خواجہ شاہد سابق وائس چانسلر مولانا آزاد اردو یونیورسٹی و دیگر شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں