(دکن فائلز ڈاٹ کام) تلنگانہ میں طلبہ کی گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوگئیں اور آج سے تمام اسکولس کھل گئے۔ تقریباً دو ماہ کی تعطیلات کے بعد 12 جون سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگیا۔
کندھوں پر بیگ لٹکائے بچے والدین کے ہمراہ اسکول پہنچے، بچوں کے چہرے بھی خوشی سے کھلے ہوئے تھے اور وہ پرعزم نظر آرہے تھے۔ پہلے دن طلبا کی حاضری معمول کے مطابق درج کی گئی۔
بچوں کا کہنا تھا کہ بہت چھٹیاں کرلیں اب پڑھائی بھی کریں گے اور اپنے دوستوں سے ملاقات بھی ہوگی۔ معصوم بچوں نے کہا کہ تعطیلات میں خوب انجوائے کرلیا، اب پڑھائی کےلئے محنت کریں گے۔
اسکول کے پہلے دن بچوں کی خوشی قابلِ دید تھی۔ اپنے ساتھیوں سے مل کر پرانی یادیں تازہ کررہے تھے اوربیتی چھٹیوں پر تبصرے کررہے تھے۔ کسی نے اپنے سفر کی داستان سنائی تو کسی نے رمضان المبارک کے بابرکت ایام کا تذکرہ کیا۔ کسی نے عبادت اور ریاضت کی بات کہی تو کسی نے عید کی خریداری کے دلفریب مناظر کا تذکرہ کیا۔ غرض طلبہ وطالبات میں آج نیا جوش اور ولولہ دیکھنے کو ملا۔ اساتذہ نے بھی بچوں سے مل کر اپنی محبت کا اظہار کیا۔


