(دکن فائلز ڈاٹ کام) بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بپر جوائے شدید طوفان کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ طوفان کے ساحل کی طرف بڑھنے سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ یہ طوفان 15 جون کو گجرات کے کچ اور پاکستان کے کراچی کے درمیان ساحل کو عبور کرے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایاکہ اس وقت یہ طوفان مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں مرکوز ہے اور فی گھنٹہ 8 کیلو میٹر کی رفتار سے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جس وقت یہ طوفان ساحل کو عبور کرے گا اُس وقت 135 تا 150 فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کچ اور سوراشٹر کیلئے آرینج الرٹ جاری کردیا ہے۔ گجرات کے ساحل پر سمندری لہریں کافی اونچی اُٹھ رہی ہیں۔ ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 15 جون تک سمندر میں نہ جائیں۔
سمندری طوفان کی وجہ سے تیز رفتار ہواؤں کو دیکھتے ہوئے ممبئی ایرپورٹ پر طیاروں کی آمد ورفت میں شدید خلل پیدا ہوا ہے۔ چند طیاروں کو منسوخ کردیا گیا جبکہ کچھ طیاروں کو تاخیر سے چلایاجارہا ہے۔ لینڈنگ میں دشواری کی وجہ سے کچھ طیاروں کا رخ دوسرے ایرپورٹ کی طرف موڑدیا گیا۔ ایرپورٹ کے ایک رن وے کو جزوی طورپر بند کردیا گیا ہے۔
انتہائی شدید سمندری طوفان Biparjoy کے جمعرات کو گجرات میں سوراشٹر اور Kutch کے ساحل کو پار کرجانے کا امکان ہے۔ بھارتی موسمیات محکمے نے کہا ہے کہ طوفان کے زیر اثر 125 سے لے کر 135 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا کے تیز جھکّڑ چلنے کا بھی امکان ہے اور اِن کی رفتار 150کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔


