سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فلوریڈا کے فیڈرل کورٹ ہاؤس میں خفیہ دستاویزات کیس میں پیشی کے موقع پرگرفتاری کے بعد رہا کردیا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے استدعا کی کہ وہ عہدہ چھوڑتے وقت قومی سلامتی سے متعلق اہم دستاویزات غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے اور ان دستاویزات کی بازیابی کے وقت حکام سے جھوٹ بولنے کے الزامات میں قصوروار نہیں ہیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران ڈپٹی مارشلز نے سابق صدر کو گرفتار کیا اور ان کے فنگر پرنٹس لیے، ان کے شریک مدعا علیہ والٹ ناؤٹا کو بھی گرفتار کیا گیا، ان کے فنگر پرنٹ بھی لیے گئے اور دیگر کارروائی کی گئی۔
ٹرمپ کی درخواست میامی کی ایک وفاقی عدالت میں امریکی مجسٹریٹ جج جوناتھن گڈمین کے سامنے دائرکی گئی، اس درخواست پر ایک قانونی جنگ شروع کرنے کا امکان ہے جو آنے والے مہینوں میں شروع ہو سکتی ہے، خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نومبر 2024 کے صدارتی انتخاب دوبارہ جیتنے کی مہم چلا رہے ہیں۔