(دکن فائلز ڈاٹ کام) گذشتہ کچھ دنوں سے ملک بھر میں کچھ فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے حجاب معاملہ پر مسلم طالبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اب حیدرآباد کے پرانے شہر میں واقع ایک کالج نے طالبات کو برقعہ کے ساتھ امتحان لکھنے سے روک دیا جس کے بعد طالبات نے کالج انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
سنتوش نگر آئی ایس سدن پر واقع کالج میں ڈگری امتحانات کے دوران مسلم طالبات کو برقعہ پہن کر امتحان ہال میں داخل ہونے سے روک دیا گیا اور برقعہ اتار کر امتحان لکھنے پر مجبور کیا گیا۔
طالبات اور سرپرستوں کے احتجاج کے بعد معاملہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ محمود علی نے خاطیوں کے خلاف کاروائی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سیکولر حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاب کے ساتھ امتحان لکھنے کی اجازت ہے، حجاب نکالنے کےلئے زبردستی نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے قانون کے مطابق کاروائی کرنے کا بھی تیقن دیا۔