’ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں‘، اتراکھنڈ سے مسلمانوں کی ہجرت معاملہ پر مولانا توقیر رضا نے بی جے پی حکومت کو دی دھمکی

(دکن فائلز ڈاٹ کام) اتراکھنڈ سے مسلمانوں کی نقل مکانی کے معاملہ میں آج اتحاد ملت کونسل کے صدر مولانا توقیر رضا خان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے اتراکھنڈ کی دھامی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں‘۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اس معاملہ میں کوئی کارروائی نہیں کرتی ہے تو ہم اتراکھنڈ جا کر بڑے پیمانہ پر احتجاج کریں گے‘۔ انہوں نے کہاکہ ہم مساجد، مقبروں اور مدارس پر بلڈوزر کاروائی کو برداشت نہیں کریں گے۔
توقیر رضا نے کہا کہ ہمیں کسی ایکشن پر شدید ردعمل دینے کےلئے مجبور نہ کیا جائے۔ حکومت کو مناسب وقت پر فیصلہ لینا چاہیے، فرقہ پرستی کی وجہ سے کسی بھی وقت ملک کا ماحول خراب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ میں متعدد مقبروں کو شہید کردیا گیا۔ اگر قانونی اور غیر قانونی کی بات ہو تو ہم کہتے ہیں کہ آپ کے ہاتھ میں اقتدار ہے، ہر میونسپلٹی میں 1921 کا ریکارڈ ہوگا۔ اس کے بعد بنائے گئے مقبروں کو ہم خود گرا دیں گے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر بی جے پی کو مندروں کو بھی منہدم کرنا پڑے گا۔
اتحاد ملت کونسل کے صدر نے درگاہ اعلیٰ حضرت کے احاطہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور مودی و اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ میں ہندو مہاپنچایت بلائی گئی تھی، اسے ملتوی کردیا گیا ہے لیکن میرا خیال ہے کہ 18 جون کو اگر مسلم مہاپنچایت کا اعلان نہیں کیا گیا ہوتا تو حکومت 15 جون کی ہندو مہاپنچایت کو ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کرتی۔
مولانا توقیر رضا خان نے کہا کہ لوجہاد کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کاہ کہ ہم نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے کسی شخص کا نکاح نہیں پڑھایا جائے گا جو غیر مسلم لڑکی سے نکاح کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر بھگوا لو ٹریپ کی سخت مذمت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں