(دکن فائلز ڈاٹ کام) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں مزید دو دن تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی ہے اور الرٹ جاری کیا۔ تلنگانہ میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ آج اور کل ریاست بھر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کے بارے میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے۔ ریاست میں دو دن تک شدید گرمی رہےگی۔ گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایاکہ آج ریاست کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری کے درمیان درج ہونے کا امکان ہے۔ بقیہ مقامات پر درج حرارت 40 تا 41 ڈگری رہے گا۔ 20 جون منگل کو بھی درج حرارت 40 سے 43 ڈگری کے درمیان درج ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ جن اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ اُن میں عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، جگتیال، کریم نگر، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، بھدرادری کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ ، سوریا پیٹ، محبوب نگر، ورنگل اور ہنمکنڈہ شامل ہیں۔
ڈاکٹروں نے مشورہ دیا گیا ہے کہ دن کے اوقات میں غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ مشروبات کا کثرت سے استعمال کریں اور ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کریں۔ خاص طورسے بچوں اور ضعیف لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔