بنگلہ دیشی کھلاڑی کی دہکتے کوئلوں پر چل کر ٹریننگ(ویڈیو دیکھیں)

بنگلہ دیش کے تمام کھلاڑی رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے ٹریننگ کر کے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کر رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم کے ٹریننگ سیشن سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بنگلہ دیش کے ابھرتے ہوئے بلے باز محمد نعیم شیخ کو دہکتے ہوئے کوئلوں پر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیو سیف احمد نامی ایک صارف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں نعیم شیخ کو ایک ایسے شخص کی ہدایت پر دہکتے ہوئے کوئلوں پر چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو کہ بنگلہ دیش میں ایک مشہور مائنڈ ٹرینر ہیں۔

اس صارف کی جانب سے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے مائنڈ ٹرینر سبط ریحان ہیں جو اس سے قبل بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی فرنچائز رنگپور رائیڈرز کے ساتھ بھی گزشتہ سال کام کر چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ریحان بنگلادیش کے ایک مشہور مائنڈ ٹرینر ہیں اور وہ اکثر ملک میں قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی ذہنی صلاحیت پر کام کرتے ہیں۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی توجہ حاصل کر رہی ہے کہ کرکٹ شائقین ’فائر واکنگ‘ کے فوائد کے بارے میں جاننے کے خواہشمند ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش اپنا پہلا میچ 31 اگست کو سری لنکا سے کینڈی میں کھیلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں