رونالڈو گول کرنے میں ناکام، پرتگال اور کانگو کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 1-1 سے برابر

حیدرآباد (دکن فائلز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ K میں پرتگال اور جمہوریہ کانگو (ڈی آر کانگو) کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ 1-1 گول سے برابر ختم ہوگیا۔ میچ میں فٹبال شائقین کی نظریں پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار کرسٹیانو رونالڈو پر مرکوز تھیں، تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہے اور اپنی ٹیم کو فتح دلانے کا خواب پورا نہ کر سکے۔

پرتگال نے میچ کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور صرف چھٹے منٹ میں ژاؤ ناویس نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ ابتدائی لمحات میں پرتگالی کھلاڑیوں نے گیند پر بھرپور کنٹرول رکھا اور کانگو کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔

کرسٹیانو رونالڈو، برونو فرنینڈس اور دیگر کھلاڑیوں نے کئی خطرناک حملے کیے، تاہم کانگو کے دفاع نے مضبوط مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں کانگو کے یان ویسا نے دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کر دیا اور اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں پرتگال نے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ کینسلو نے گیند جال میں پہنچائی لیکن وی اے آر جائزے کے بعد گول کو آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔ رونالڈو کو بھی کئی مواقع ملے مگر وہ انہیں گول میں تبدیل نہ کر سکے۔

میچ کے آخری لمحات میں پرتگال نے مسلسل حملے کیے لیکن کانگو کی دفاعی لائن دیوار بن کر کھڑی رہی۔ یوں مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

یہ رونالڈو کے بین الاقوامی کیریئر کا 229واں میچ تھا، جس کے ساتھ انہوں نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کیا، تاہم گول نہ کرنے کے باعث ان کے لیے یہ میچ یادگار ثابت نہ ہو سکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں