حزب اللہ کے ڈرون حملہ کا پیجر حملہ سے تقابل: ایرانی اخبار نے بھی امریکی اخبار جیسی سرخی لگادی

(ایجنسیز) حزب اللہ کے ڈرون حملے کے بعد ایرانی اخبار نے امریکی اخبار کی جانب سے بنائے گئے سرورق کا جواب دے دیا۔ 17 ستمبر کو لبنان کے مختلف علاقوں میں بیک وقت پیجر دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں ہزاروں افراد زخمی اور درجنوں شہید ہوگئے۔

جن پیجرز میں دھماکے ہوئے ان میں سے زیادہ تر حزب اللہ اراکین کے زیر استعمال تھے جس کی وجہ سے کہا گیا کہ یہ اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کو کمزور کرنے کےلیے کیا جانے والا حملہ ہے۔ پیجر دھماکوں کے بعد امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی جانب سے سرورق پر پیجز دھماکے کا نشانہ بننے والے ایک شخص کی تصویر لگائی گئی جس کی سرخی پر لکھا تھا ’بیپ بیپ بوم‘ (Beep, Beep, Boom) جس کا مقصد پیجر سے آنے والی آواز اور اس بعد ان میں ہونے والے دھماکے کو ظاہر کرنا تھا۔ اخبار نے اپنے سر ورق پر ایک سالم پیجر اور ایک دھماکے سے تباہ ہونے والے پیجر کی تصویر بھی لگائی۔

تاہم اتوار کی شب حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیے جانے اور اس کے نتیجے میں 4 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور 60 سے زائد کے زخمی ہونے کے بعد ایرانی اخبار نے بھی اسی طرح کا سرورق بنایا ہے۔ ایرانی اخبار ھمشھری نے آج اخبار کے پہلے صفحے پر نیویارک پوسٹ کے سرورق کی طرح ہی تصویر اور سرخی لگائی۔

اخبار نے اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون کے دھماکے کی بعد کی تصویر لگاتے ہوئے اس پر سرخی لگائی ’وِہز، وِہز، بوم‘ (whiz, whiz, Boom) جس کا مقصد ڈرون کی آواز اور بعد ازاں اس سے ہونے والے دھماکے کو ظاہر کرنا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں