حیدرآباد (دکن فائلز) فلم ”دنگل“ اور ”سیکرٹ سپر اسٹار“ سے شہرت پانے والی سابق بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعلان کر دیا ہے۔ زائرہ، جنہوں نے 2019 میں اسلام کی خاطر، مذہبی وجوہات کے تحت بالی وڈ چھوڑ دیا تھا، نے نکاح کی تقریب کی تصاویر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیں، جو ان کی پہلی ذاتی اپ ڈیٹ ہے۔
واضح رہے کہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ زائرہ وسیم نے جولائی 2019 میں اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ زائرہ وسیم نے مذہب کی خاطر اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکاری کرنے کی وجہ سے ان کا ایمان متاثر ہو رہا تھا اور انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ وہ ان کاموں کے لیے نہیں بنیں۔
زائرہ نے پوسٹ میں دو تصاویر شیئر کیں۔ پہلی تصویر میں وہ نکاح نامہ پر دستخط کرتے ہوئے نظر آ رہی ہیں، دوسری تصویر میں وہ اپنے شوہر کے ساتھ رات کے وقت آسمان تلے کھڑی ہیں، زائرہ نے گہرا سرخ دوپٹہ اوڑھا ہوا ہے اور دلہا کریم رنگ کے شیروانی میں نظر آ رہے ہیں۔ ان تصاویر کی سادگی نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز عامر خان کی فلم “دنگل” سے کیا، جس میں انہوں نے نوجوان گیتا پھوگٹ کا کردار ادا کیا۔ بعد ازاں وہ “سیکرٹ سپر اسٹار” اور “دی اسکائے اِز پنک” میں بھی نمایاں رہیں۔
زائرہ وسیم کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے سوشل میڈیا پران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، جبکہ زائرہ کی پوسٹ کو لاکھوں لائیکس مل چکے ہیں۔