مسلم مخالف و فرقہ پرستانہ ریمارکس پر اعتراض! لوہے کی سلاخوں سے حملہ کرکے بزرگ شخص عبدالسلام کا قتل

حیدرآباد (دکن فائلز) بہار کے ضلع دربھنگہ کے جمال پور پولیس اسٹیشن حدود میں واقع جھگروہ گاؤں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 65 سالہ شخص عبدالسلام کو مبینہ طور پر لوہے کی راڈ سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔

مسلم مرر کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مقامی رہائشی منیش کمار کی مبینہ طور پر چوری ہونے والی اینٹوں کے معاملے پر ہونے والے تنازع سے شروع ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی دوران منیش کمار کی والدہ وملا دیوی نے مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ نوعیت کے الفاظ استعمال کیے۔

عبدالسلام جو اس وقت وہاں سے گزر رہے تھے، مبینہ طور پر ان توہین آمیز اور فرقہ وارانہ ریمارکس پر اعتراض کیا۔ رپورٹ کے مطابق اسی بات پر مشتعل ہو کر منیش کمار، ان کے بھائی روشن کمار اور ان کی والدہ سمیت چند دیگر افراد نے عبدالسلام پر لوہے کی راڈ سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں انہیں سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی گر پڑے۔

مقامی افراد فوری طور پر زخمی عبدالسلام کو قریبی ہسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق قتل کے اس واقعہ میں ملوث چند اہم ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں