حیدرآباد (دکن فائلز ویب ڈیسک) اسنوکر ایک ایسا کھیل ہے جس میں مہارت حاصل کرنا اکثر بالغ افراد کے لیے بھی آسان نہیں ہوتا، مگر برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے ایک ننھے بچے نے اس تصور کو ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔
صرف 2 سالہ جوڈی اوئنز نے اسنوکر میں مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈز کے 2 عالمی ریکارڈز اپنے نام کر لیے ہیں اور وہ مشکل اسنوکر شاٹس مکمل کرنے والے کم عمر ترین فرد بن گئے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جوڈی اوئنز نے 12 اکتوبر 2025 کو اس وقت تاریخ رقم کی، جب اس نے پول بینک شاٹ کامیابی سے مکمل کیا۔ اس وقت اس کی عمر 2 سال اور 302 دن تھی۔
اس سے قبل، وہ 2 سال اور 261 دن کی عمر میں اسنوکر ڈبل پوٹ مکمل کر چکا تھا، جو اپنے آپ میں ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔ ان شاندار کامیابیوں کے بعد جوڈی اوئنز کا نام باضابطہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کر لیا گیا ہے، جہاں اسے ان مشکل شاٹس کو مکمل کرنے والا دنیا کا کم عمر ترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
جوڈی کے والد لیوک اوئنز کا کہنا ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے گھر میں ہی اپنے بیٹے کی اسنوکر سے قدرتی دلچسپی اور صلاحیت کو محسوس کیا۔ لیوک اوئنز کے مطابق: “جب میں نے دیکھا کہ وہ چھڑی کو اپنی انگلیوں سے درست انداز میں پکڑ رہا ہے، تب مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ اس میں اس کھیل کی خاص صلاحیت موجود ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ جوڈی ایک اسٹول کی مدد سے اسنوکر ٹیبل تک پہنچ کر کھیلتا ہے اور حیرت انگیز طور پر درست نشانے لگاتا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندوں نے بھی جوڈی کی اس غیر معمولی صلاحیت کا براہِ راست مشاہدہ 2025 یو کے چیمپئن شپ کے موقع پر کیا، جس کے بعد اس کے ریکارڈز کی باضابطہ توثیق کی گئی۔
کم عمری میں اسنوکر کی دنیا میں یہ غیر معمولی کامیابی نہ صرف حیران کن ہے بلکہ مستقبل میں جوڈی اوئنز کے لیے ایک شاندار اسپورٹس کیریئر کی نوید بھی سمجھی جا رہی ہے۔


