حیدرآباد (دکن فائلز) سعودی عرب میں مقیم برازیل کی معروف فٹبالر کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر کے اپنی زندگی کا ایک روحانی اور بابرکت سفر شروع کر دیا ہے۔ اس ایمان افروز خبر کو سن کر نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ عالم اسلام میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی۔
سعودی فٹبال کلب النصر نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ان کی برازیلین کھلاڑی کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ کلب نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی، جس میں کیتھلین کو اس خاص لمحے کے دوران آنسوؤں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کلب نے پیغام میں لکھا کہ ہم اپنی کھلاڑی کیتھلین سوزا کی زندگی کے اس اہم لمحے کو ان کے ساتھ شیئر کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ثابت قدمی عطا فرمائے اور ان کے دل کو سکون و اطمینان سے بھر دے۔
ویڈیو میں کیتھلین سوزا نے نہایت سادہ اور پُراثر انداز میں کہا: “میں صرف صحیح راستہ تلاش کرنا چاہتی تھی اور اپنی شخصیت کا بہتر ترین روپ اختیار کرنا چاہتی تھی۔ میں تبدیلی کی تلاش میں چھوٹے چھوٹے قدم اٹھا رہی ہوں اور زندگی کے اس تحفے کی قدر کرتی ہوں جو مجھے ملا ہے۔”
اسلام قبول کرنے کے بعد کیتھلین نے مسجد الحرام جا کر عمرہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر حرم شریف سے تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں عمرہ زائرین کو کھجوریں تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان مناظر نے ان کے روحانی سفر کی گہرائی اور اخلاص کو نمایاں کیا۔
29 سالہ کیتھلین سوزا برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو کے شہر ساؤ وِسینتی میں پیدا ہوئیں۔ وہ سنٹر بیک کے طور پر کھیلتی رہی ہیں اور برازیل کی قومی ویمنز فٹبال ٹیم کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔ وہ ماضی میں اطالوی کلب انٹر میلن ویمن اور ہسپانوی کلب رئیل میڈریڈ فیمینینو کی نمائندگی کر چکی ہیں، جب کہ گزشتہ دو برس سے سعودی کلب النصر کا حصہ ہیں۔
سعودی عرب میں قیام کے دوران اسلامی اقدار اور ماحول سے متاثر ہو کر انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے اس اقدام کو کلب کے اندر نہایت احترام اور محبت کے ساتھ سراہا گیا، اور ساتھی کھلاڑیوں نے بھی اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا۔
کیتھلین سوزا کا یہ روحانی سفر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہدایت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم نعمت ہے، جو جس کے دل میں چاہے ڈال دے۔ ان کا یہ قدم نہ صرف ان کی ذاتی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے بلکہ لاکھوں لوگوں کے لیے بھی امید، تلاشِ حق اور روحانی سکون کا پیغام ہے۔


