اہم خبر: کیا عیدالاضحیٰ ہندوستان، پاکستان اور سعودی عرب میں ایک ہی دن ہوگی؟ سائنسی پیشگوئی سامنے آگئی

حیدرآباد (دکن فائلز) عیدالاضحیٰ 1447 ہجری کی متوقع تاریخ کے حوالے سے ماہرین فلکیات کی جانب سے اہم پیشگوئی سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق اس سال عیدالاضحیٰ ہندوستان، پاکستان اور سعودی عرب میں ایک ہی دن منائے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ذوالحج کا چاند 16 اور 17 مئی 2026 کی درمیانی شب تقریباً 1 بج کر 15 منٹ پر پیدا ہوگا۔ اس کے بعد 17 مئی کی شام تک چاند کی عمر اتنی ہو جائے گی کہ اسے ہندوستان اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں باآسانی دیکھا جا سکے گا۔

فلکیاتی اندازوں کے مطابق 17 مئی کو غروبِ آفتاب کے بعد چاند تقریباً ایک گھنٹے تک افق پر موجود رہے گا، جو رویت کے امکانات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ اگر موسم صاف رہا تو اتوار 17 مئی کی شام چاند نظر آنے کی توقع ہے، جس کے بعد پیر 18 مئی کو یکم ذوالحج ہوگا۔

اس حساب سے عیدالاضحیٰ چہارشنبہ 27 مئی 2026 کو منائی جا سکتی ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی دن سعودی عرب میں بھی عید ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے تینوں ممالک میں ایک ہی دن عید ہونے کی امید بڑھ گئی ہے۔

تاہم ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کسی وجہ سے 17 مئی کو موسم خراب رہا یا بادلوں کے باعث چاند نظر نہ آسکا تو پھر عید ایک دن تاخیر سے، یعنی جمعرات 28 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان ہر ملک میں متعلقہ رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی باقاعدہ رویت کے بعد ہی کیا جاتا ہے، اس لیے اس پیشگوئی کو حتمی اعلان نہیں بلکہ ایک سائنسی اندازہ تصور کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں