حیدرآباد (دکن فائلز) آسام کے ضلع گوالپارہ کے ایک اسکول میں ٹفن باکس میں مبینہ طور پر بیف (گائے کا گوشت) لانے کے الزام نے ریاست بھر میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک طالب علم کی والدہ نور شاہدہ بیگم کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ 5 جون کو پیش آیا، جب بعض طلبا مبینہ طور پر اپنے ساتھ ٹفن میں بیف لے کر آئے تھے۔ الزام ہے کہ ان طلبا نے اپنے چند ساتھیوں کو بھی وہ کھانا پیش کیا، جس کے بعد بعض طلبا کے والدین نے اسکول انتظامیہ اور پولیس سے شکایت کی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور معاملے کی جانچ کے دوران ایک طالب علم کی والدہ نور شاہدہ بیگم کو حراست میں لیا۔ بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
واقعے کے بعد مقامی لوگوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور معاملے کی غیر جانبدارانہ و شفاف تحقیقات کی مانگ کی جارہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے اور اس سلسلے میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ابھی تک حکام کی جانب سے گوشت کی نوعیت کے بارے میں کوئی حتمی سرکاری رپورٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسام میں مویشیوں کے ذبیحہ اور گوشت کے استعمال سے متعلق قوانین اور سیاسی مباحث پہلے ہی موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔


