تلنگانہ میں راشن کارڈ ہولڈرز کے لیے ای کے وائی سی لازمی! جلدی کریں۔۔

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت کے محکمہ شہری رسد (سول سپلائز) نے ریاست بھر کے فوڈ سیکیورٹی کارڈ ہولڈرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ 31 جولائی تک اپنے اور اپنے خاندان کے تمام افراد کی ای کے وائی سی لازمی طور پر مکمل کرائیں، بصورت دیگر رعایتی راشن اور دیگر سرکاری فلاحی سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔

محکمہ کے مطابق راشن کارڈ میں درج ہر فرد کے لیے بایومیٹرک (انگوٹھے کے نشان) یا آئی رس اسکین کے ذریعے شناخت کی تصدیق ضروری ہے۔ صرف خاندان کے ایک فرد کی ای-KYC مکمل کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ راشن کارڈ میں شامل ہر فرد کی الگ الگ تصدیق لازمی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ای-KYC مکمل کرنے کے لیے شہری اپنے قریبی فیئر پرائس شاپ (راشن کی دکان) یا می سیوا (MeeSeva) مرکز سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں آدھار پر مبنی بایومیٹرک یا آئی رس تصدیق کے ذریعے یہ عمل مکمل کیا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے راشن کارڈ کے ساتھ خاندان کے تمام افراد کے اصل آدھار کارڈ ساتھ لے جانا ضروری ہے۔ محکمہ شہری رسد نے واضح کیا ہے کہ ای-KYC کا عمل مکمل طور پر مفت ہے اور اس کے لیے کسی بھی قسم کی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔ اگر کوئی شخص اس عمل کے نام پر رقم طلب کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

محکمہ کے مطابق اس مہم کا مقصد صرف حقیقی مستحقین تک راشن اور فلاحی منصوبوں کے فوائد پہنچانا، جعلی یا غیر فعال راشن کارڈوں کی نشاندہی کرنا اور مستحقین کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنا ہے حکام نے راشن کارڈ ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد ای-KYC مکمل کرائیں تاکہ راشن کی فراہمی اور دیگر سرکاری فوائد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں