ایم پی جے کی قانونی پیروی و مالی مدد سے تین قیدیوں کی رہائی

حیدرآباد (دکن فائلز) ایم پی جے تلنگانہ نے اپنے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس ، ایم پی جے تلنگانہ کی قانونی اور مالی معاونت سے مختلف جیلوں سے معمولی جرائم میں قید تین مستحق قیدیوں کو رہا کرایا گیا۔ ان میں دو کا تعلق تلنگانہ اور ایک کا آندھرا پردیش سے ہے۔ انہیں چنچل گوڑہ جیل اور راجمندری جیل سے رہائی ملی۔ریاست کے دیگر مقامات اور ضلعی جیلوں سے بھی مستحق قیدیوں کو رہا کرانے کی کوششیں جاری ہیں جن پر یا تو غلط مقدمات درج ہیں یا جو کسی مجبوری کی بنا پر معمولی جرائم میں مبتلا ہو گئے تھے۔

ایم پی جے کی جانب سے ایسے افراد کی کونسلنگ اور بازآبادکاری کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے تاکہ مستقبل میں وہ جرائم سے باز رہیں۔واضح رہے کہ ایم پی جے ، تلنگانہ سماجی خدمات کے مختلف شعبوں میں سرگرم ہے، جن میں قانونی امداد، خاندانی کونسلنگ، شہری مسائل کا حل، منشیات کے خلاف مہمات اور معاشرے میں پھیلی سماجی برائیوں کے نقصانات سے متعلق بیداری شامل ہیں۔

یہ تنظیم غریبوں، کمزور و پسماندہ طبقات اور سماج کے ہر طبقے کے لیے کام کرتی ہے تاکہ ملک میں امن و انصاف کو فروغ حاصل ہو۔ایم پی جے عوام سے اپیل کرتی ہے کہ اگر آپ کو یا آپ کے کسی جاننے والے کو قانونی مدد یا خاندانی کونسلنگ کی ضرورت ہو تو بلا جھجک ایم پی جے سے رابطہ کریں۔ ہماری ٹیم ضرورت مندوں کے ساتھ کھڑی رہنے کے لیے پرعزم ہے۔مزید تفصیلات کے لئے ایم پی جے آفس کے موبائل نمبر 9010320638 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں