حیدرآباد (دکن فائلز) عزم و حوصلہ بلند ہو اور محنت میں اخلاص شامل ہو تو تنگ و تاریک جھوپڑ پٹیوں سے نکل کر بھی کامیابی کے آسمان پر ستارہ بن کر چمکا جا سکتا ہے۔ ممبئی کی ایک بستی میں رہنے والی ہونہار مسلم طالبہ چاند پروین شیخ نے اس حقیقت کو سچ کر دکھایا ہے۔ غیر معمولی ذہانت اور انتھک محنت کے بل بوتے پر چاند پروین نے امریکہ کی معروف یونیورسٹی آف سینٹ تھامس (منیاپولس) کے انڈر گریجویٹ پروگرام میں داخلہ حاصل کر کے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری ملت کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ انہیں چار سال کے لیے ہر سال تقریباً 78 ہزار امریکی ڈالر (ہندوستانی کرنسی میں تقریباً 65 لاکھ روپے سالانہ) کی باوقار ڈیوس اسکالرشپ سے بھی نوازا گیا ہے۔
چاند پروین شیخ کا پس منظر انتہائی سادہ اور جدوجہد سے بھرپور ہے۔ ان کے والدین ناخواندہ ہیں اور والد یومیہ اجرت پر محنت مزدوری کر کے گھر کی کفالت کرتے ہیں۔ وسائل کی شدید کمی کے باوجود چاند پروین نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی کے رے روڈ پر واقع میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ایک اسکول سے حاصل کی اور 2024 کے دسویں جماعت کے بورڈ امتحان میں 91 فیصد نشانات حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس کے بعد آکانکشا فاؤنڈیشن کی مؤثر رہنمائی اور تعاون سے چاند پروین کو پونے کے عالمی شہرت یافتہ ادارے مہندرا یونائیٹڈ ورلڈ کالج کے انٹرنیشنل بکلوریٹ (آئی بی) ڈپلوما پروگرام میں داخلہ ملا۔ یہ دنیا کے معتبر ترین پری یونیورسٹی تعلیمی پروگراموں میں شمار ہوتا ہے، جہاں 150 سے زائد ممالک کے 200 منتخب طلبہ 16 سے 19 سال کی عمر میں زیرِ تعلیم رہتے ہیں۔ یہاں چاند پروین نے 50 لاکھ روپے کی اسکالرشپ پر تاریخ، معاشیات اور انگریزی جیسے مضامین اعلیٰ سطح پر جبکہ ماحولیاتی علوم، ریاضی اور ہندی کی تعلیم حاصل کی۔
ممبئی سے شائع ہونے والے روزنامہ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے چاند پروین شیخ نے اپنی کامیابی کا سہرا والدین کی دعاؤں اور آکانکشا فاؤنڈیشن کی رہنمائی کے سر باندھا۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ’’اعلیٰ تعلیم کے لیے میں نے پانچ امریکی یونیورسٹیوں میں درخواست دی تھی اور الحمدللہ پانچوں جامعات میں میرا انتخاب ہو گیا، تاہم میں نے امریکہ کی یونیورسٹی آف سینٹ تھامس کے انڈر گریجویٹ پروگرام کو ترجیح دی کیونکہ یہ دنیا کی جانی مانی اور ممتاز ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔‘‘
چاند پروین شیخ کی یہ فقیدالمثال کامیابی بلاشبہ لائقِ صد تحسین ہے اور پورے سماج بالخصوص ملتِ اسلامیہ کی ان تمام بیٹیوں کے لیے ایک روشن مشعلِ راہ ہے جو معاشی تنگدستی یا سماجی رکاوٹوں کے باعث اپنے خوابوں کو ادھورا چھوڑ دیتی ہیں۔ چاند پروین نے ثابت کر دیا ہے کہ میونسپل اسکولوں میں پڑھنے والی غریب گھرانوں کی بچیاں بھی اگر تعلیم کو اپنا ہتھیار بنا لیں تو دنیا کی بڑی سے بڑی یونیورسٹی کے دروازے ان کے لیے کھل سکتے ہیں۔


