وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دلی میں آج تالکٹورہ اسٹیڈیم میں‘ چھٹے ’پریکشا پے چرچا‘ پروگرام میں طلبا سے بات چیت کی۔ پوری دنیا کے لاکھوں طلبا نے اِس پروگرام میں حصہ لیا۔مودی نے کہا کہ انہیں طلبا کے سوالوں سے‘ خوشی محسوس ہوتی ہے۔ ذہنی دباؤ سے مبرّا امتحان اور والدین کی طرف سے امیدوں کے بارے میں‘ طلبا کی طرف سے سوال کیے جانے پر وزیراعظم نے کہا کہ والدین کی طرف سے یہ کوئی بری بات نہیں ہے کہ وہ اپنے بچوں سے امیدیں وابستہ کریں لیکن اگر وہ اپنے سماجی رتبے میں اضافے کے مقصد سے ایسا کرتے ہیں تو یہ اچھا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبا کو چاہئے کہ وہ اپنے عزائم اور اپنی طاقت کو‘ اپنے والدین کی امیدوں سے وابستہ رکھیں۔ مختلف کاموں کو ایک ساتھ پورا کرنے اور وقت کو کارگر طریقے سے استعمال کرنے کے بارے میں وزیراعظم نے‘ مختلف موضوعات کو وقت دینے کی باریک تکنیک اپنانے کا طریقہ بتایا۔ انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ جب وہ موضوعات کو ترجیح دیتے ہوئے اِن کا مطالعہ شروع کرتے ہیں تو وزیراعظم کے بتائے ہوئے طریقے سے‘ مشکل موضوعات کے مطالعے میں اُن کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔ اِس سے پہلے وزیراعظم نریندر مودی نے ’پریکشا پے چرچا‘ پروگرام کے دوران ایک نمائش میں طلبا سے بات چیت کی۔
پروگرام شروع ہونے سے پہلے وزیرتعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اِس پروگرام نے ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم‘ طلبا، والدین اور اساتذہ کو درپیش چیلنجوں کو سمجھتے ہیں اور انہوں نے اِن سے نمٹنے کے ہی مشورے دئیے ہیں۔


