اڈانی گروپ آف کمپنیز میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست شور ووغل ہوا۔ آج بھی دونوں ایوانوں کی کارروائی شروع ہوتے ہی اِس معاملہ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا۔ تاہم لوک سبھا میں اسپیکر اور راجیہ سبھا صدرنشین نے اُن کا مطالبہ تسلیم کرنے سے انکارکردیا۔
اِس کی وجہ سے اپوزیشن کے ارکان احتجاج کرنے لگے۔ لوک سبھا میں اسپیکر پوڈیم اور راجیہ سبھا میں ایوان کے وسط میں آکر اُنہوں نے نعرے بازی شروع کردی۔ اسپیکر اوم برلا نے ارکان کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح ایوان کے وسط میں آکر احتجاج کرنا ہندوستان کی روایت کیخلاف ہے۔ راجیہ سبھا بھی ارکان کے نعروں سے گونج رہی تھی۔ ان حالات میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو پہلے دوپہر دوبجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا بعد میں ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر ارکان پرسکون نہیں ہوئے اور نعرے بازی جاری رکھی جس کی وجہ سے دونوں ایوانوں کارروائی کل تک کیلئے ملتوی ہوگئی۔


