گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ونگ ہائی الرٹ موڈ پر ہے کیونکہ حیدرآباد و سکندرآباد میں آج رات شدید بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ بارش کے سلسلہ کل تک جاری رہنے کا بھی امکان ہے۔
جی ایچ ایم سی کو الرٹ کردیا گیا ہے کیونکہ دوونوں شہروں میں آئندہ کچھ گھنٹوں میں زبردست بارش ہونے کا امکان ہے۔ شہر کےلئے ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے اور عوام سے صرف ہنگامی حالات میں ہی گھروں سے نکلنے کو کہا گیا ہے۔
انفورسمنٹ ویجیلنس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائریکٹر نے ٹوئٹر کے ذریعے ہنگامی صورت حال میں مدد کے لیے فون نمبر 9000113667 پر رابطہ کرنے کو کہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کے چھ زونوں بشمول چارمینار، خیریت آباد، کوکٹ پلی، ایل بی نگر، سکندرآباد اور شیرلنگم پلی میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ اس نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ چہارشنبہ اور جمعرات کو شمالی تلنگانہ، وسطی تلنگانہ، حیدرآباد اور آس پاس کے علاقوں میں شدید سے شدید تر بارش کا امکان ہے۔


