تروپتی۔سکندرآباد وندے بھارت ایکسپریس ٹرین میں آج شام اچانک دھواں اٹھنے کی وجہ سے نیلور ضلع کے مانوبولو ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق تروپتی سے سکندرآباد آنے والی وندے بھارت ٹرین جب مانوبولو کے قریب آئی تو عملے نے دھواں دیکھا اور واکی ٹاکی کے ذریعے لوکو پائلٹ کو سا کی اطلاع دی۔ جیسے ہی ٹرین مانوبولو اسٹیشن پر رکی، خوف زدہ مسافر بوگیوں سے نیچے اتر گئے، جس کے بعد عملے نے معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ تیسری بوگی کے باتھ روم سے دھواں نکل رہا تھا۔
ابتدائی طور پر ایسا مانا جارہا ہے کہ باتھ روم میں کسی نے سگریٹ پھینک دی تھی جس کی وجہ سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ عملے نے فوری طور پر جلتی چیزوں کو بجھا دیا اور ٹرین کو وہاں سے روانہ کر دیا۔ اچانک دھواں اٹھنے کی وجہ سے ٹرین تقریباً آدھا گھنٹے سے زیادہ اسٹیشن پر رکی رہی۔ اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔