جمعیت علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے پریس نوٹ کے مطابق ریاستی عہدیداران مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی صدر، مفتی اعتماد الحق قاسمی کریم نگر، مولانا فصیح الدین ندوی، حافظ فہیم الدین منیری کاماریڈی نائبین صدر، مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سیکریٹری، حافظ شیخ جہانگیر فیضی خازن، مولانا علیم کوثر صدر جمعیت علماء ضلع نارائن پیٹ مکتھل، مولانا ناصر صدر ضلع محبوب نگر، مولانا الیاس قاسمی صدر ضلع کرنول، مولانا عبدالبصیر رشادی صدر ضلع نلگنڈہ، حافظ لئیق خان صدر ضلع نظام آباد، حافظ عبدالسمیع صدر ضلع سدی پیٹ، مفتی کلیم قاسمی صدر ضلع نرمل، مولانا عقیل قاسمی صدرضلع عادل آباد، مولانا فاروق قاسمی صدر جمعیت علماء سنگاریڈی و دیگر نے اپنے مشترکہ صحافتی بیان میں جمعیت علما ہند کے قدیم اور مخلص خادم اور بے قصور قیدیوں کے مسیحا حاجی گلزار اعظمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر سخت صدمہ کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ مرحوم، محدث جلیل حضرت مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ صدر جمعیت علما ہند کے معتمد خاص تھے، برسہابرس سے جیل میں قید بے قصوروں کی قانونی لڑائی کے آپ نگران اور جمعیت لیگل سیل کے ذمہ دار تھے، سینکڑوں افراد اور ہزاروں خاندانوں نے آپ کی جد وجہد اور کاوشوں سے اپنے ماتھے پر لگے دہشت گردی اور ملک سے دغا کے فرضی الزامات کو دھونے میں کامیابی حاصل کی، ملک کے طول و عرض سے لوگ آپ کے قانونی مشوروں سے فائدہ اٹھاتے، ان کے علاوہ اصل مجرموں اور ملک کے دشمنوں کو کٹ گھرے میں لانے اور انہیں سزا دلانے میں بھی آپ پیچھے نہ تھے۔ تقریبا نوّد برس کی عمر پائ، گزشتہ پینسٹھ سال سے جمعیت علما کے سرگرم خادم تھے، ان کا نقصان جمعیت اور ملت کا بڑا خسارہ ہے، ان حضرات نے سبھی سے ان کے حق میں ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی خواہش کی ہے۔


