ترقی پذیر ممالک کے قائدین پر مشتمل گروپ ’’برکس‘‘ میں سعودی عرب، ایران، ایتھوپیا، مصر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ارجنٹائن کو شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔ برکس گروپ میں توسیع کا مقصد ’’گلوبل ساؤتھ‘‘ میں مغربی ممالک کے مقابلے میں مضبوط بلاک بنانا ہے۔ واضح رہے کہ برکس کے موجودہ اراکین میں برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ ممکنہ توسیع کے بعد متعدد ترقی پذیر ممالک کے لیے برکس میں شمولیت کی راہ ہموار ہوجائے گی۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر 6 ممالک کو گروپ میں شمولیت کی دعوت سے متعلق ٹوئٹ کیا۔ بلاک کے پانچ ارکان کے رہنماؤں نے اعلان کے بعد بیانات میں توسیع کے فیصلے کو سراہا ہے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے جوہانسبرگ میں سربراہی اجلاس سے خطاب کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہ ان کا ملک افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔