حیدرآباد (پریس ریلیز) تحریک مسلم شبان و جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین و قائدین نے آج محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان و کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی قیادت میں تلنگانہ سکریٹریٹ مساجد میں نماز شکرانہ بعد نماز ظہر ادا کیا۔
اس موقع پر قاضی عظمت اللہ جعفری نے ہدیہ نعت پیش کیا اور محمد مشتاق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع سجدہ شکر کا ہے۔ اللہ نے جدوجہد کو قبول کیا اور مساجد کی تعمیر مکمل ہوگئی اور سجدوں سے سج رہی ہے۔ جو قوم متحد ہوجاتی ہے، حالات کا مقابلہ کرتی ہیں اور حق کے لئے ڈٹ جاتی ہیں تو اللہ تبارک و تعالیٰ کامیابی عطاء کرتا ہے۔ کورونا کے دور میں یہ مساجد شہید کردی گئی تھی، مشکل حالات تھے مگر مسلمان منظم اور متحد ہوکر حالات کا مقابلہ کئے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ان مساجد کی جدوجہد کرنے والے ایک ایک فرد اور ایک دستخط کرنے والے کو انشاء اللہ اپنے بہترین اجر سے نوازے گا۔
جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا کہ 7/جولائی 2020 کو یہ مساجد بغیر کسی اطلاع اور وعدہ کے تلنگانہ حکومت نے شہید کردی تھی۔ قرآن مجید بھی مساجد سے نکالنے اور احترام سے رکھنے کی اطلاع نہیں ہے۔ بار بار جوائنٹ ایکشن کمیٹی سوال کرتی رہی مگر کوئی واضح جواب قرآن کریم کے تحفظ کے تعلق سے نہیں دیا گیا۔ یہ ایک ظالمانہ عمل تھا۔ کوئی 3 سال کے بعد مساجد تعمیر ہوئی۔
ایکشن کمیٹی تمام جماعتوں کا علماء، کارکنوں کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے مساجد کی دوبارہ تعمیر کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تمام مسلمانوں کے لئے مسرت کا لمحہ ہے کہ مساجد کی دوبارہ تعمیر کو انہوں نے اپنی جدوجہد سے یقینی بنایا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں ایکش کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ایم اےغفار،قمر، عبدالرحیم، منان،عثمان محمد خان،عبدالمتین،محمد اظہر، حمید، قدوسی ودیگر موجود تھے۔