حیدرآباد (دکن فائلز) تلگو فلموں کے افسانوی اداکار آنجہانی چیف منسٹر این ٹی راما راو کے ایک سو ویں یوم پیدائش کے موقع پر مرکزی حکومت کی جانب سے سو روپئے کا ایک یادگاری سکہ جاری کیا گیا ہے۔ دہلی میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے یہ یادگاری سکہ جاری کیا۔
ا س موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستانی فلموں کی دنیا میں این ٹی راما راو کا ایک منفرد مقام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر نے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر نے سیاسی زندگی میں بھی ایک منفرد مقام حاصل کیا ۔ سماجی انصاف کےلئے ان کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ این ٹی راما راو کی شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
دہلی کے راشٹرا پتی بھون میں منعقدہ اس پروگرام میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، تلگودیشم کے صدر چندرا بابو نائیڈو، این ٹی آر کے افراد خاندان نے شرکت کی۔
این ٹی آر کے یادگاری سکہ کی کئی خصوصیات ہیں۔ ا س سکہ کی تیاری میں چار دھاتوں کا استعمال کیا گیا ہے جن میں 50 فیصد چاندی، 40 فیصد تانبا، چار فیصد نکل اور پانچ فیصد زنک استعمال کیا گیا۔ اس سکہ کو حیدرآباد کے منٹ میں تیار کیا گیا۔