حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے شمش آباد بین الاقوامی ایرپورٹ میں بم رکھنے کی اطلاع کے بعد دہشت پھیل گئی۔ اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ اتھاریٹی کو میل کے ذریعے بم کی دھمکی دی گئی۔ بم سے متعلق میل موصول ہونے کے بعد ایئرپورٹ عملے نے حکام کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا، جس کے بعد سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے بم کی تلاش شروع کردی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ بم کو تلاش کیا گیا۔
تقریباً ایک گھنٹے تک پورے ایئرپورٹ کی تلاشی لینے کے بعد بھی بم کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ بعدازاں حکام اس نتیجے پر پہنچے کہ دھمکی آمیز میل فرضی تھا۔ فرضی میل ایئرپورٹ آپریشنز کنٹرول سینٹر کو پہنچا تھا۔ اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ’ایئرپورٹ حکام کی جانب سے اطلاع ملی کہ شمش آباد ایئرپورٹ پر بم رکھنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ ڈاگ اسکواڈ اور بم اسکواڈ کو الرٹ کرنے کے بعد پولیس عہدیدار بھی ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ اسی دوران ایک اور میل موصول ہوا جس میں ایک شخص نے کہا کہ اس کے بیٹے نے موبائل فون سے کھیلتے ہوئے غلطی سے میل بھیجی تھی، اس نے غلطی کےلئے معافی مانگی۔ تاہم اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔