حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں ڈی ایس سی امتحانات دسمبر میں منعقد ہوں گے۔ نمستے تلنگانہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں ڈی ایس سی امتحان دسمبر دسمبر کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہونے کا امکان ہے جبکہ امتحان ماضی کی طرح آف لائن کے بجائے کمپیوٹر پر مبنی ٹیسٹ (CBT) کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے۔ حال ہی میں گروکول ٹیچرز کے لئے امتحانات بھی CBT طریقہ کار کے ذریعہ منعقد ہوئے تھے۔ تاہم اب حکومت نے ڈی ایس سی کو بھی سی بی ٹی طریقہ کار کے ذریعہ ہی منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلیٰ عہدیدار اب آن لائن سسٹم کے تحت منعقد ہونے والے ڈی ایس سی امتحان کےلئے مناسب تاریخوں کو حتمی شکل دینے کےلئے کوشاں ہیں۔ امیدواروں سے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد کی بنیاد پر امتحانات شفٹوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ وہیں حیدرآباد کے آس پاس کے علاقوں میں ہی زیادہ سے زیادہ امتحانی مراکز کے قیام کے امکانات ہیں۔
سوالیہ پرچوں کو ڈیزائن کرنے کی ذمہ داری اسٹیٹ ایجوکیشن ٹریننگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ایس سی ای آر ٹی) کو سونپی جائے گی۔ اس سلسلہ میں محکمہ خزانہ نے پہلے ہی 6,612 آسامیوں کو بھرنے کی منظوری دی ہے۔ ان آسامیوں کو بھرنے کے لیے رہنما خطوط اور شیڈول کے ساتھ سرکلر دو یا تین دنوں میں جاری کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد محکمہ سکول ایجوکیشن حکام ڈی ایس سی کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔