حیدرآباد (دکن فائلز) بکری چرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک چرواہا اور اس کے دوست دلت نوجوان کو الٹا لٹکا کر بری طرح پیٹا گیا۔ یہ خوفناک واقعہ تلنگانہ میں منچریالہ ضلع کے منڈاماری میں پیش آیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق منڈاماری سے تعلق رکھنے والے راملو کا خاندان انگڈی بازار علاقہ میں رہتا ہے۔ شہر کے مضافات میں گنگا واٹر پمپ کے قریب بکریوں کے شیڈ میں بکریاں پالی جاتی ہیں۔ ایک بکری 20 روز قبل ریوڑ سے لاپتہ ہو گئی تھی۔ اس سلسلے میں، راملو کا کے خاندان نے تیجا نامی ایک چرواہے اور اس کے دلت دوست کرن کو شیڈ میں بلایا اور انہیں الٹا لٹکا دیا اور انہیں بری طرح مارا پیٹا۔ اس دوران زمین پر آگ لگاکر انہیں اذیت دی۔
بعدازاں متاثرہ کے بھائی نے اس معاملہ کی پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پویس نے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ایس سی اور ایس ٹی ایکٹ کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج کرلیا۔ بیلم پلی اے سی پی سدایا اور ٹاؤن ایس آئی چندر کمار نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور تفصیلات جمع کیں۔


