حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔ گزشتہ دودنوں سے جاری بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ متحدہ نظام آباد، کریم نگر، میدک، محبوب نگر اضلاع میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔ اِس کی وجہ سے عام زندگی متاثررہی۔ آج صبح سے حیدرآباد کے یاقوت پورہ، مغلپورہ، چندرائن گٹہ، بابا نگر، سنتوش نگر، دبیر پورہ، پرانی حویلی، بہادر پورہ، چارمینار، چادر گھاٹ، ملک پیٹ سعید آباد، بارکس، کوکٹ پلی، حیدر نگر، نظام پیٹ، پرگتی نگر، میاں پور، چندا نگر، لنگم پلی، کونڈا پور، مادھاپور، گچی باؤلی، رائے درگ، اُپل، ایل بی نگر و دیگر علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے اسکولوں اور دفاتر کو جانے والے طلبا اور ملازمین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی۔
اسی دوران نظام آباد میں شدید بارش ہورہی ہے۔ شہر کے بس اسٹانڈ، ریلوے اسٹیشن، ویکلی مارکٹ، بودھن روڈ پر ملا پلی کی سڑکیں لبریز ہوگئی ہیں۔ بارش کا پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے پھولانگ علاقہ میں بہنے والی ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ بارش کو دیکھتے ہوئے شہر کے اسکولوں کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جگتیال ضلع کے کورٹلہ اور مٹ پلی میں بھی موسلاد ھار بارش ہوئی۔ کورٹلہ میں کنال کا پانی سڑک پر سے بہہ رہا ہے جس کی وجہ سے آمد ورفت متاثر ہوئی۔ جوگولامبا گدوال ضلع میں گزشتہ دودنوں سے بارش ہورہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ دودنوں کے دوران شدید سے شدید تر بارش ہوسکتی ہے۔ وارننگ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو چوکس کردیا گیا ہے۔


