حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں وائرل بخار کے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گورنمنٹ و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں بھاری اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ وہیں حیدرآباد کے عثمانیہ، گاندھی، فیور اور نمس اسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
ڈاکٹرز نے مریضوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وائرل فیور کے کیسز اچانک بڑھ رہے ہیں لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس موسم میں وائرل بخار کے کیسز میں اضافہ عام بات ہے۔ اس وقت بہت سے مریض گلے اور ناک کے انفکش میں مبتلا پائے جارہے ہیں وہیں چھوٹے بچوں کو بخار، قے، کھانسی، نزلہ یا گلے میں خراش جیسی علامات ظاہر ہورہی ہیں ایسے میں والدین کو محتاط رہنا چاہیے۔ گھر کے اطراف اور گھر میں ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ ڈینگی جیسی بیماریوں سے بچ سکیں۔
اگر بچوں یا بڑوں کو بخار آئے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور دو سے تین دن تک بخار کم نہ ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ لیکر ٹسٹ ضرور کروائیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق فی الحال شہر میں ڈینگی کے کیسز میں شدت نہیں ہے تاہم ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔


