حیدرآباد (دکن فائلز) وجئے واڑہ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین اور کچھ وزراء اے سی بی کورٹ کے ذریعہ تلگو دیشم پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ نارا چندرابابو نائیڈو کو عدالتی ریمانڈ میں بھیجنے کے تناظر میں جشن منارہے ہیں۔
آندھراپردیش کی وزیر و مشہور اداکارہ روجا نے چندرا بابو نائیڈو کو ریمانڈ میں دیئے جانے کے فیصلہ کے بعد پارٹی کارکنوں نیں مٹھائی تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’یہ تو صرف آغاز ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نے بہت سے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے اور زندگیوں سے کھیلا ہے۔ روجا نے کہا کہ چندرا بابو مزید مقدمات میں اپنی باقی زندگی جیل میں گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان نے چندرا بابو کے گناہوں کی سزا صحیح وقت پر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحیح وقت پر صحیح سزا دی گئی۔
وائی سی پی ایم پی وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ چندرابابو کو اسکیل ڈیولپمنٹ اسکام کیس میں دس سال کے لیے جیل بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف یہ ایک معاملہ نہیں بلکہ ایسے چھ دیگر کیسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نقدی اور اثاثے بیرون ملک منتقل کرکے چھپائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ واضح ثبوت کے ساتھ چندرا بابو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وہیں تلگودشیم سربراہ چندرابابو نائیڈو کی گرفتاری کے بعد پارٹی کارکنوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ پولیس نے امکانی احتجاج کے پیش نظر تلگودیشم کے کئی رہنماؤں پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کل آندھراپردیش میں تلگودیشم پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں بھی چندرابابو نائیڈو کی گرفتاری کے خلاف پارٹی کارکنوں نے احتجاج کیا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق آندھرا پردیش اسکل ڈیولپمنٹ اسکیم میں تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری پر صدمہ سے دوچار 6 افراد کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔