حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے گذشتہ سال کی طرح اس بار بھی 17 ستمبر کو ‘یوم قومی یکجہتی‘ کے طور پر منایا جائے گا جس کےلئے بڑے پیمانہ پر تیاری کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق 17 ستمبر بروز اتوار کو مجلس کی جانب سے یوم قومی یکجہتی منایا جائے گا۔ اس موقع پر ترنگا ریلی نکالی جائے گی اور ایک شاندار جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔
یوم قومی یکجہتی کے موقع پر درگاہ یوسفین نامپلی سے بائیک ریلی نکالی جائے گی جو عیدگاہ بلالی مانصاحب ٹینک پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوجائے گی۔ جلسہ عام سے بیرسٹر الدین کے علاوہ دیگر مجلسی رہنما خطاب کریں گے۔
اس سلسلہ میں بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ بائیک ریلی اور جلسہ سے متعلق تیاریاں جاری ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ بائیک ریلی میں مجلسی کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ 17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد ریاست کا ہندوستان میں انضمام ہوا تھا۔
بی آر ایس حکومت نے 17 ستمبر کو تلنگانہ یوم آزادی کے موقع پر یوم قومی یکجہتی منانے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں بی جے پی نے 17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ کے طور پر بڑے پیمانہ پر منانے کے اعلان کیا ہے۔ اس روز بی جے پی کی جانب سے پریڈ گراونڈ پر ایک جلسہ عام بھی منعقد کیا جائے گا جس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ شرکت کریں گے۔