حیدرآباد (دکن فائلز) الہ آباد ہائی کورٹ نے متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کو ہٹانے اور اس جگہ کو شری کرشن جنم بھومی کے طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کرنے والی ایک پی آئی ایل کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے گذشتہ ستمبر کو اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ کو محفوظ کرلیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق الہ آباد ہائی کورٹ نے بدھ کے روز متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کو ہٹانے اور اس جگہ کو شری کرشن جنم بھومی کے طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کرنے والی ایک عرضی کو مسترد کردیا۔ چیف جسٹس پریتنکر دیواکر اور جسٹس آشوتوش سریواستو پر مشتمل عدالت کی دو رکنی بنچ نے 2020 میں ایک خاتون مہک مہیشوری کی جگانب سے دائر پی آئی ایل پر یہ حکم دیا تھا۔ عدالت نے اس سال ستمبر میں عرضی پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
درخواست گزار نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہی عیدگاہ مسجد کو مغل بادشاہ اورنگ زیب نے شری کرشن جنم بھومی کے ایک حصے کو مبینہ طور پر منہدم کرنے کے بعد بنایا تھا۔ پی آئی ایل میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ مسجد اس زمین پر کھڑی ہے جہاں کبھی ایک جیل موجود تھی جہاں بھگوان کرشن کے والدین کو متھرا کے اس وقت کے حکمران کنس نے قید کیا تھا۔