ٹیم انڈیا کی افغانستان کے خلاف شاندار جیت، روہت شرما نے کئی ریکارڈز اپنے نام کئے

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان نے ورلڈ کپ کے نویں میچ میں افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے اور ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اسی میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے ہیں۔ نئی دہلی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے 80 اور عظمت اللہ عمرزئی کے 62 رنز کی اننگز کی مدد سے ہندوستان کو میچ جیتنے کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 10 اوورز میں 39 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیم انڈیا نے 273 رنز کا ہدف 35 اوورز میں حاصل کرلیا۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز بنائے جبکہ وراٹ کوہلی نے 55 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اشان کشن 47 رنز بنا سکے۔ روہت شرما نے اس اننگز میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ انہوں نے اپنی سینچری 63 گیندوں پر مکمل کی جو کہ کسی بھی انڈین بیٹر کی جانب سے ورلڈ کپ میں بنائی گئی سب سے تیز ترین سینچری تھی۔ اس سے قبل ورلڈ کپ میں انڈیا کی جانب سے تیز ترین سینچری بنانے کا اعزاز کپل دیو کے پاس تھا جنہوں 1983 کے ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 72 گیندوں پر سینچری مکمل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں