حماس کے حملوں کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور فلسطینی شہداء کی تعداد 1200 سے زائد ہوگئی جبکہ پانچ ہزار سے زائد زخمی ہیں ۔ غزہ پر مسلسل چھٹے روز اسرائیل کی اندھا دھند بمباری جاری ہے، غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر رہا ہے کیونکہ ہسپتال بجلی سے محروم ہو رہے ہیں جہاں ہزاروں زخمی اپنی زندگیوں کے بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق آج اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے مغرب میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی، اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں حماس کے متعدد مراکز پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔ غزہ میں گزشتہ 5دنوں کے دوران 20 سے زائد مساجد کو شہید کیا گیا ہے۔
اسرائیلی جارحیت کے جواب میں حماس کے الاقصٰی آپریشن میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کرگئی جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے حماس نے بھی تل ابیب، عسقلان، اشدود اور سیدروت پر راکٹ برسا دیے۔ میڈیا کے مطابق حملوں میں 22 امریکی اور 188 اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اسرائیلی میڈیا نے تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں کئی اہداف کو نقصان پہنچنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ اسرائیل کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جرمنی نے بھی اپنے 5 ہزار شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کا حکم دیا ہے ۔