غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 1570 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 7 ہزار 2 سو سے بھی زائد ہو گئی۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات تباہ جبکہ 30 ہزار سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچاہے۔ اسرائیلی بربریت میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار تک پہنچ گئی۔
2 لاکھ 20 ہزار فلسطینی اقوام متحدہ کے اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور جبکہ ایک لاکھ فلسطینی اپنے عزیزوں اور گرجا گھروں میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔ غزہ میں اسپتالوں میں زخمیوں کیلئے بستر اور دوائیں کم پڑگئیں، بجلی بند ہونے سے وینٹی لیٹرز چلانا چیلنج بن گیا۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، حملوں کے باعث رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، تازہ کارروائیوں میں غزہ پر ہزاروں ٹن بارود گرا دیا گیا، عمارتیں، ہسپتال، سکول کچھ بھی نہ چھوڑا، بندرگاہ پر ماہی گیروں کی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، قابض افواج کی ایک ہفتے سے جاری بربریت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1500 ہو گئی جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ 6 ہزار سے زائد زخمی اور 3 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بدترین بمباری کا سلسلہ جاری ہے ، اسرائیل نے 6 روز میں غزہ پر 6 ہزار بم گرا دیے جبکہ 4 ہزار ٹن بارود برسانے کا بھی اعتراف کیا ہے ۔