اسرائیل کی حمایت نہ کرنے پر امریکی چینل سے 3 مسلمان اینکرز معطل

امریکی میڈیا کی اسرائیل کے حق میں جانبداری کھل کر سامنے آگئی، ایم ایس این بی سی نے تین مسلمان اینکرز کو معطل کردیا۔ امریکی نیوز نیٹ ورک ایم ایس این بی سی نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد 3 مسلمان اینکرز کو معطل کردیا۔ عرب نیوز کے مطابق دو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد سے مہدی حسن، ایمن محی الدین اور علی ویلشی کو خاموشی سے اینکر کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عرب نیوز ویب سائٹ سیما فور نے انکشاف کیا ہے کہ بائیں بازوں کی طرف جھکاؤ رکھنے والے نیوز نیٹ ورک نے جمعرات کو ’مہدی حسن شو‘ کا طے شدہ پروگرام نشر نہیں کیا، اس کے علاوہ ایک اور مسلمان اینکر محی الدین کو جمعرات اور جمعہ کو جوائے ریڈ کے شو کے پروگرام میں بلانے کا منصوبہ بھی ترک کردیا گیا۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ آنیوالے ویک اینڈ شوز کیلئے علی ویلشی کی جگہ کسی دوسر اینکر کو لیا جارہا ہے۔ دوسری جانب سیما فور نے مزید بتایا ہے کہ امریکی چینل ایم ایس این سی بی نے اس طرح کے کسی تصور کی سختی سے مسترد کی ہے کہ مہدی حسن یا محی الدین کو کسی بھی طرح سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ نیوز نیٹ ورک اب سیاسی نظریات سے بالاتر ہوکر ایک مخصوص عقیدے کے اینکرز کو نشانہ بنارہا ہے۔ دریں اثناء عرب نیوز کی جانب سے ایم ایس این بی سی سے رابطے کا کسی قسم کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دوسری طرف علی ویلشی دوسرے شوز پر اب بھی رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ عرب نیوز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی میڈیا کے 3 مسلمان اینکرز کا مستقبل واضح نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں