معروف باکسر عامر خان نے اسرائیلی جارحیت پر مشہور شخصیات کی خاموشی کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا

حیدرآباد (دکن فائلز) نامور انٹرنیشنل سابق باکسر عامر خان نے اسرائیلی جارحیت سے مظلوم فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر مشہور شخصیات کی خاموشی کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا ہے۔ عامر خان نے ٹوئٹ کرکے ’فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے‘۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ چند روز کے اندر دو ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جس میں پانچ سو بچے اور تین سو عورتیں شامل ہیں، دونوں طرف کے لوگوں کیلئے دعائیں کرنے سے بات نہیں بنے گی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں غاصب اور مظلوم میں فرق کرنا چاہئے، ہر موت کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں اور اس پر خاموش رہنا نہایت شرمندگی کی بات ہے۔ عامر خان نے اس سنگین انسانی المیے پر خاموش رہنے والی مشہور شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم موقع پر ان کی خاموشی بھی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دنیا بھر کی معروف شخصیات کو فلسطینیوں کی حمایت سے کیا چیز روک رہی ہے، کیا انہیں اپنے دوست یا ڈالر کھونے کا ڈر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں