غزہ کی 50 ہزار حاملہ خواتین محفوظ جگہ سے محروم

اقوام متحدہ (یو این) کے تولیدی صحت سے متعلق ذیلی ادارے (یو این ایف پی اے) نے کہا ہے کہ غزہ میں اس وقت 50 ہزار حاملہ خواتین محفوظ جگہ اور بنیادی صحت سے محروم ہیں اور ان میں سے 6 ہزار خواتین کے رواں ماہ ہی بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

اقوام متحدہ کے تولیدی صحت سے متعلق ادارے کے مطابق غزہ میں اس وقت 50 ہزار حاملہ خواتین محفوظ جگہ اور بنیادی صحت کی ضروریات سے محروم ہیں۔ ادارے کے مطابق غزہ کی حاملہ خواتین میں سے تقریبا 6 ہزار کے قریب ایسی خواتین ہیں جن کے ہاں رواں ماہ ہی بچوں کی پیدائش متوقع ہے، جس کا مطلب ہے کہ تقریبا یومیہ دو سے زائد خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

عالمی ادارے کے مطابق اسرائیلی بمباری اور ہسپتال پر حملے کے بعد ہسپتالوں میں حاملہ خواتین کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے نرسز بھی دستیاب نہیں جب کہ حاملہ خواتین حالات کی وجہ سے بنیادی صحت کی سہولیات سے بھی محروم ہیں اور انہیں یہ تک اندازہ نہیں کہ اگلے چند گھنٹوں میں ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔

ادارے کے مطابق متعدد خواتین غیر محفوظ طریقوں سے بچوں کو جنم دینے پر مجبور ہیں، جس وجہ سے ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت اور زندگی داؤ پر لگ گئی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے یو این ایف پی اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں مجموعی طور پر 73 ہزار سے زائد حاملہ خواتین موجود ہیں، جس میں سے 50 ہزار کا تعلق غزہ شہر سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں