معروف امریکی اخبار نے غزہ کے اسپتال پر حملے سے متعلق اسرائیلی جھوٹ بے نقاب کر دیا

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اسرائیل کو الاہلی اسپتال کی تباہی کا ذمے دار قرار دے دیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق اسپتال کی تباہی کے شواہد کا جائزہ لیا گیا اور تحقیقات کی گئیں۔

امریکی اخبار کے مطابق شواہد سامنے آئے ہیں کہ اسپتال کو نشانہ غزہ کے بجائے اسرائیل سے بنایا گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے الاہلی اسپتال کو حماس کی جانب سے تباہ کیے جانے کے الزامات کی تردید کر دی۔

مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کے ال آہلی اسپتال پر اسرائیل کی جانب سے میزائل حملے کیے گئے تھے جس کا الزام امریکی صدر اور اسرائیل نے فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس پر ڈال دیا تھا۔

اسپتال پر حملے کے بعد دنیا بھر میں اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر اسرائیل نے میزائل حملوں کی ویڈیوز جاری کرکے اپنی جارحیت کو چھپانے کی بھرپور کوشش کی تھی تاہم اب اسرائیل کا جھوٹ امریکی اخبار نے فاش کر دیا ہے۔

غزہ کے اسپتال پر میزائل حملے میں 500 سے زائد افراد شہید کیے گئے تھے جن میں بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی بھی غزہ میں اسپتال پر فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے حملے کے اسرائیلی دعوؤں کو مسترد کر چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں